افغان صدر اشرف غنی نے بامقصد مذاکرات پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا جہاں ان کی افغان صدر اشرف غنی اور مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔

ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی ،آئی ایس پی آر، برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں افغان صدر اشرف غنی نے بامقصد مذاکرات پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل کی حالیہ پیش رفت اور دو طرفہ دفاع و سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پرامن افغانستان کا مطلب عمومی طورپر پرامن خطہ اور بالخصوص پرامن پاکستان ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ بین الافغان قیادت کے تحت تمام فریقین کے اتفاق رائے کی بنیاد پر امن عمل کی حمایت کرتے رہیں گے۔
 

تبصرے