دو ہفتوں میں کورونا سے بھارت کے شوبز اور صحافت سے وابستہ 16 معروف شخصیات چل بسیں

 
بھارتی رپورٹس کے مطابق کورونا کے باعث ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ شری پرادا سمیت تامل اور تیلگو فلموں کے اداکار پانڈو چل بسے۔رپورٹ کے مطابق تیلگو اور تامل فلموں کے کامیڈین پانڈو کی کورونا کی وجہ سے طبیعت کافی خراب ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ چل بسے۔

رپورٹ میں بتایا کہ چھچھورے، بدری ناتھ کی دلہنیا اور گڈ نیوز جیسی بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ ابھی لاشا پٹیل بھی کورونا کے باعث چل بسیں۔

ایک ہی دن میں تینوں اداکاروں کے کورونا کے باعث چل بسنے سے پہلے بھی گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ کم از کم ایک بھارتی اداکار، اداکارہ یا شوبز سے وابستہ شخصیت کا کورونا کے باعث انتقال ہوا۔انڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے دوران گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کم از کم 13 شوبز شخصیات چل بسیں۔کورونا کے باعث ہلاک ہونے والی دوسری مشہور شوبز شخصیات میں فلم ہیٹ اسٹوری، پیج تھری، مرڈر 2 اور سیلز مین جیسی فلموں کے اداکار بکرم جیت کنور پال اور گلوکار و موسیقار شرن راٹھوڑ شامل ہیں۔

کورونا کی وبا سے حالیہ دنوں میں ٹی وی و فلموں کے اداکار ستیش کال، شوٹر دادی، چندرو تومر، گلوکار پنڈت راجن مشرا، اداکار ویرا ستھیدر، اداکارہ کنوپریا، اداکار نوین اور اداکار کشور ننڈ لاسکر بھی چل بسے۔علاوہ ازیں کورونا سے گزشتہ ہفتے اینکر اور صحافی روہت سردانا اور باڈی بلڈر جگدیش لاڈ بھی چل بسے تھے۔کورونا کے باعث گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بھارتی اداکاروں، فنکاروں، پروڈیوسرز صحافی اور باڈی بلڈرز سمیت مجموعی طور پر 16 معروف شخصیات چل بسیں۔

تبصرے