بھارت میں بگڑتی ہوئی صورتحال، ڈاکٹرز اور طبی عملہ خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں

 
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس نے صحت کے نظام کو مفلوج کردیا ہے، آکسیجن کی شدید قلت کے باعث ڈاکٹرز اور طبی عملہ خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں جب کہ ماہرین نے اس لہر کو کورونا سونامی سے تعبیر کیا ہے۔

اسپتال موت، بے بسی اور لاچارگی کی تصویر بن گئے ہیں، باہر فٹ پاتھوں پر بھی ادھ موئی سانس لیے مریض بستر کی امید میں دم توڑ رہے ہیں۔ مریضوں کی تڑپ اور لواحقین کی مدد کی دہائیوں سے فضا سوگوار ہے۔ اس انسانی المیے نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

آج مسلسل چوتھے روز بھی کورونا کے نئے کیسز کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ صرف ایک منٹ میں 243 کورونا کے نئے مریض اور ہر 4 منٹ میں ایک مریض کی موت واقع ہو رہی ہے۔ شمشان گھاٹ اور قبرستان میں بھی اپنے پیاروں کی آخری رسومات کے لیے لواحقین قطاروں میں لگے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں اور بگڑتی ہوئی صورتحال پر پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیش کش کی تھی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو وینٹی لیٹرز، بی آئی پی اے پی، ڈیجٹل ایکسرے مشینز اور دیگر متعلقہ آئٹم دینے کی پیشکش کی تھی۔

تبصرے