کرونا وبا: تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ  آپریشنل سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی بدلتی صورتحال پر جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک ہہننے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی، تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات 10 بجے بند کرنے کی حد فوری نافذ کر دی گئی، 15 مارچ سے شادی ہالز، انڈور ڈائننگ اور سینما گھروں اور زیارتوں کو کھولنے کی اجازت دینے کے پہلے فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس میں اِن ڈور شادی تقریبات اور کھانوں کی اجازت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ آؤٹ ڈور کھانوں اور ٹیک اوے کی سہولت میسر رہے گی، بیرونی اجتماعات کورونا ایس او پیز کے سخت نفاذ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 300 افراد تک محدود رہیں گے۔ اس کے علاوہ 15 مارچ سے سینما گھروں اور مزارات کھولنے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریباً ٹھیک ہیں لیکن پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں، سندھ اور بلوچستان میں 50 فیصد بچے اسکول آئیں گے، اسلام آباد ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور پشاور میں تعلیمی ادارے 15 مارچ بروز پیر 2 ہفتوں کے لیے بند کردیئے گئے ہیں، تمام تعلیمی ادارے 28 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ جن اداروں میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔
 

تبصرے