مُسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے اتحادیوں کی بیساکھیاں لے کر ہم کبھی بھی پنجاب میں حکومت نہیں بنانا چاہتے۔
اب تو بات تو تکار پر آ ہی چکی ہے اور دونوں پارٹیوں کے گلے شکوے بھی عروج پر ہیں۔ پی ڈی ایم کی روح رواں دو بڑی پارٹیاں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں۔ جب سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا قرعہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نام نکلا ہے تب سے مسلم لیگ نون آرام سے بیٹھ ہی نہیں پا رہی اور یہ عہدہ چھن جانے پر پیچ و خم کھا رہی ہے۔
اسی موضوع پر جب مسلم لیگ نون کی راہنما حنا پرویز بٹ سے نجی ٹی وی چینل کی پروگرام اینکر نے سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تو ہمیں 2018 سے کہہ رہی تھی کہ پنجاب میں حکومت بنا لیتے ہیں مسلم لیگ ق اور دیگر لوگوں کے ساتھ اتحاد بنا کر آسانی سے پنجاب میں حکومت بنائی جا سکتی تھی۔ مگر ہماری جماعت کا ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ اگر صوبہ لینا ہے تو بغیر کسی سلیکٹر کے سہارے سے لینا ہے اور اتحادیوں کی بیساکھیاں لے کر کسی بھی صورت میں حکومت نہیں بنائیں گے۔
مریم نواز کے سیّد یوسف رضا گیلانی کو سلیکٹڈ کہنے کے بعد بلاول بھٹو نے جس قسم کا ردعمل دیا اس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ہم ایک سلیکٹڈ یعنی عمران خان کو تو ماننے کے لیے آج تک تیار نہیں ہو سکے تو دوسرے سلیکٹڈ کو کیسے قبول کر لی؟ اس پر پروگرام کی اینکر نے سوال کیا کہ آپ کی نظر میں سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی سلیکٹڈ ہیں تو اس پر حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے لیے یہ بات کی گئی ہے، انہیں سمجھ آ گئی ہے لہٰذا اس پر میں اور کچھ نہیں کہنا چاہتی۔


تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں