کورونا وائرس کے متعلق سائنسدان تفصیل سے بتا چکے ہیں کہ یہ کن لوگوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ اب نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے حاملہ خواتین کو بھی ان لوگوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جس کے لیے یہ موذی وائرس زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔ برمنگھم یونیورسٹی اور عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے اپنی مشترکہ تحقیق میں بتایا ہے کہ حاملہ خواتین کو وائرس لاحق ہو جائے تو ان میں اس کی علامات شدید ہونے اور ہسپتال میں داخل ہونے کا امکان دوسری خواتین کی نسبت دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے تحقیقاتی نتائج میں یہ بھی بتایا کہ اگر حاملہ خاتون کو کورونا وائرس لاحق ہو جائے تو اس کا حمل ضائع ہونے کا خطرہ تین گنا تک بڑھ جاتا ہے۔ حاملہ خواتین کے لیے کورونا وائرس کے یہ سنگین نقصانات بیان کرنے کے ساتھ ساتھ سائنسدانوں نے ان کے لیے ایک اچھی خبر بھی سنائی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ان نقصانات کے باوجود حاملہ خواتین کی کورونا وائرس سے موت ہونے کا خطرہ دیگر خواتین کی نسبت قدرے کم ہوتا ہے۔واضح رہے کہ اس تحقیق میں سائنسدانوں نے امریکہ، برطانیہ اور چین سمیت درجن بھر ممالک کی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والی لاکھوں خواتین کے طبی ریکارڈ کا تجزیہ کیا ہے، جن میں سے 41ہزار حاملہ تھیں۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں