اسلام آباد کے ڈی چوک میں موجود سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جب کہ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے جس کا باقائدہ اعلان حکومتی کمیٹی کی جانب سے آج دن 2 بجے کیا جائے گا۔
سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے شرکت کی۔حکومتی کمیٹی کی جانب سے مذاکرات میں رواں سال کے بجٹ تک 1 تا 22 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد عبوری اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جب کہ رہنما سرکاری ملازمین کے مطالبے پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام گرفتار احتجاجی سرکاری ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما سرکاری ملازمین چوہدری سرفراز نے کہا کہ گرفتار سرکاری ملازمین کی رہائی اور تنخواہوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی دھرنا ختم کیا جائے گا اور صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے صوبوں کو ڈائریکٹیو بھجوانے کے بعد دیگر شہروں سے آئے مظاہرین بھی واپس چلے جائیں گے۔

Good
جواب دیںحذف کریں